اہم خبریں

پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی، گھی کے 204 نمونوں میں‌ سے 98 غیرمعیاری قرار

اگست 8, 2026

پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی، گھی کے 204 نمونوں میں‌ سے 98 غیرمعیاری قرار

پاکستان میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 9.29 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی بڑی وجہ خوردنی تیل، گھی اور گندم کے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہے جبکہ گزشتہ ہفتے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث نقل و حمل کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا۔
پاکستان کی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں پیکٹ والے تیل، گھی اور دودھ کی مصنوعات کے معیار کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے متعدد کو صحت کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔

وزارت منصوبہ بندی کے بیان کے مطابق کہ پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ نے پیکٹ والے گھی،تیل اور دودھ کی مصنوعات کے مجموعی طور پر 491 نمونے لے کر ان کا تجزیہ کیا۔

پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کو موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق 315 نمونے مقررہ قومی معیار پر پورے اترے، جبکہ 176 نمونے مطلوبہ معیار پر پورے نہیں اتر سکے۔

رپورٹ کے مطابق تقریباً 36 فیصد نمونے مقررہ معیار کے مطابق نہیں تھے۔

اعداد و شمار کے مطابق بناسپتی گھی کے 204 نمونوں میں سے 98 معیار پر پورے نہیں اترے۔ اسی طرح بلینڈڈ کوکنگ آئل کے 146 میں سے 40، پیکٹ والے دودھ کے 104 میں سے 26 اور پاؤڈر دودھ کے 18 میں سے آٹھ نمونے مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں تھے۔

ریفائنڈ پام آئل کے چار نمونوں میں سے تین جبکہ ریفائنڈ کینولا آئل کے 13 کمپنیوں‌ میں سے ایک کا نمونہ مقررہ معیار پر پورا نہیں اترا۔

بیان میں‌ مزید کہا گیا ہے کہ منصوبہ بندی و ترقی کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے نوجوان پاکستانیوں میں دل کے امراض اور دیگر غیرمتعدی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ملک بھر میں کھلے خوردنی تیل، گھی اور دودھ کے معیار کا سروے کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

اس سروے کا مقصد کھلے عام فروخت ہونے والی ان اشیائے خورونوش کے معیار کا جائزہ لینا اور یہ معلوم کرنا ہے کہ آیا وہ مقررہ معیار پر پورا اترتی ہیں یا نہیں۔

دوسری جانب پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق قیمتوں کے اشاریے سے پیمائش کی جانے والی ہفتہ وار مہنگائی میں گزشتہ سال کے اسی ہفتے کے مقابلے میں 9.29 فیصد اضافہ ہوا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے