چین میں سمندری طوفان سے قبل شنگھائی کے دو ایئرپورٹس بند، 1300 پروازیں منسوخ
چین نے شدید طوفانی بارشیں لانے والے سمندری طوفان سے قبل شنگھائی کے دو ایئرپورٹس کو بند کر دیا ہے جس سے 1300 پروازیں منسوخ کر دی گئیں-
مقامی حکام نے شمالی تائیوان میں شدید بارشیں برسانے کے بعد چین کا رخ کرنے والے ‘ٹائفون ڈولفن’ کا سامنا کرنے کی بھرپور تیاری کرتے ہوئے شنگھائی کے آس پاس کے علاقوں سے تقریباً 3 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔
ہفتے کے روز اس طوفان نے دارالحکومت تائی پے سمیت شمالی تائیوان کو اپنی لپیٹ میں لیا اور بارش کا سبب بنے۔ تائیوان کی کچھ ایئر لائنز نے بھی اتوار کے روز چین کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کر دیں۔
اتوار کی صبح تک طوفان کی زیادہ سے زیادہ رفتار کا تخمینہ تقریباً 162 کلومیٹر فی گھنٹہ (101 میل فی گھنٹہ) تھا۔ یہ موسلا دھار بارشیں لا رہا ہے، جس سے شدید سیلاب کے ساتھ ساتھ لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی پیدا ہو رہا ہے اور توقع ہے کہ اتوار کو دیر گئے صوبہ ژی جیانگ اور اس سے متصل فوجیان صوبے کے شمالی حصے متاثر ہوں گے۔
چین میں پیشین گوئی کرنے والوں کے مطابق اگلے چند دنوں میں ان علاقوں میں 200-400 ملی میٹر (7.9–15.7 انچ) بارش ہو سکتی ہے۔
حکام ژی جیانگ میں لینڈ سلائیڈنگ کے شدید خطرات سے خبردار کر رہے ہیں۔

