اہم خبریں

عمران خان سے ملاقات نہ کرائی گئی تو ’پاکستان کے ہر چوک کو ڈی چوک بنا دیا جائے گا‘

اگست 11, 2026

عمران خان سے ملاقات نہ کرائی گئی تو ’پاکستان کے ہر چوک کو ڈی چوک بنا دیا جائے گا‘

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید پارٹی قائد عمران خان کی صحت خراب ہے اور ان کی اہل خانہ اور ڈاکٹروں سے ملاقات کرائی جائے۔

پیر کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان کے اہل خانہ کی موجودگی میں اور ان کے ذاتی ڈاکٹروں کی نگرانی میں بہترین ہسپتال سے ان کا علاج کرایا جائے۔‘

سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر یہ مطالبہ نہ مانا گیا تو پاکستان بھر سے تحریک انصاف کے اراکینِ پارلیمنٹ کل سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دیں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے الفاظ تھے کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ چیف جسٹس پاکستان عمران خان کے اہل خانہ اور ڈاکٹروں کی ان سے ملاقات کے لیے حکم جاری کریں۔‘

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ اگر یہ ملاقات کرا دی جاتی ہے تو ’پاکستان تحریک انصاف کی مکمل قیادت اور عمران خان کے اہل خانہ یہ ضمانت دیتے ہیں کہ وہ (ملاقات کے بعد) باہر آ کر کوئی سیاسی بات نہیں کریں گے۔‘

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر منگل کے دن ملاقات نہ کرائی گئی تو جمعرات کو تمام اراکین پارلیمنٹ اڈیالہ جیل جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اگر اُس روز بھی ملاقات نہ کرائی گئی تو جمعرات کی رات 10 بجے پاکستان کے کئی علاقوں میں احتجاج شروع کر دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا ’پاکستان کے ہر چوک کو ڈی چوک بنا دیا جائے گا۔‘

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے مطالبات کے لیے 27 ستمبر کو بھی اسلام آباد جانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ’27 ستمبر کا لانگ مارچ اپنی جگہ پر موجود ہے‘ اور اس دن ’پورے پاکستان کے لوگ نکلیں گے، پھر کوئی بھی صورتحال کو سنبھال نہیں پائے گا۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے