اہم خبریں

انگلش بولرز کا ’کارنامہ‘، پاکستان کو آؤٹ کر کے گیند کو دو ٹکڑوں میں‌ بانٹ لیا

اگست 20, 2026

انگلش بولرز کا ’کارنامہ‘، پاکستان کو آؤٹ کر کے گیند کو دو ٹکڑوں میں‌ بانٹ لیا

عام طور پر کسی میچ میں کوئی بولر پانچ وکٹیں لینے کے بعد اننگز کے اختتام پر گیند اپنے پاس رکھ لیتا ہے۔ لیکن جب ایک ہی اننگز میں دو بولرز پانچ پانچ وکٹیں لے لیں تو پھر انگلش بولرز والا کام ہوتا ہے-

انگلینڈ کے فاسٹ بولرز اولی رابنسن اور جوش ٹنگ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن پانچ پانچ وکٹیں لینے کے بعد گیند کو دو ٹکڑوں میں‌ تقسیم کر کے ایک، ایک حصہ اپنے پاس رکھ لیا ہے-

پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر بولر جوش ٹنگ نے میڈیا کو بتایا کہ ’روبنسن نے کہا کہ ہم گیند کو آدھا آدھا تقسیم کر سکتے ہیں۔ گراؤنڈ اسٹاف نے مہربانی کرتے ہوئے ایسا کر دیا۔‘

’میں نے پہلی بار ایسا ہوتے دیکھا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ میں اسے کہیں سجا کر رکھوں گا۔‘

انگلینڈ نے ٹاس جیتنے کے بعد ٹنگ نے 46 رنز دے کر 5 وکٹیں اور رابنسن نے 51 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جس کی بدولت پاکستان کی پوری ٹیم 171 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ عبداللہ شفیق 61 رن بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ دن کے اختتام تک لیڈز میں میزبان ٹیم کا سکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز تھا۔

ٹنگ اور رابنسن 2006 میں اولڈ ٹریفورڈ میں پاکستان کے خلاف سٹیو ہارمیسن اور مونٹی پنیسر کے بعد انگلینڈ کے وہ پہلے بولرز ہیں جنھوں نے ایک ہی ٹیسٹ اننگز میں پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کا انگلینڈ میں ٹیسٹ ریکارڈ

نوے کی دہائی میں پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف اس کے ہوم گراؤنڈ میں ریکارڈ بہت اچھا رہا ہے۔

پاکستان نے سنہ 1992 میں جاوید میانداد کی کپتانی میں انگلینڈ کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔ یہ وہ وقت تھا جب عمران خان ریٹائر ہو چکے تھے اور پاکستان کی ٹیم ون ڈے ورلڈ کپ کی فاتح تھی۔

چار سال بعد پاکستان نے سنہ 1996 میں ایک بار پھر انگلینڈ کو شکست دی، اس مرتبہ پاکستان ٹیم کی کپتانی وسیم اکرم کر رہے تھے۔

لیکن اس کے بعد پاکستان اپنے ہوم گراؤنڈ اور نیوٹرل وینیو متحدہ عرب امارات میں تو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتتا رہا ہے۔ لیکن 30 سال گزرنے کے باوجود دوبارہ انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

سنہ 2016 میں مصباح الحق کی کپتانی میں پاکستان نے چار ٹیسٹ میچز کی سیریز دو، دو سے برابر کی تھی۔

سنہ 2018 میں بھی پاکستان نے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز ایک، ایک سے برابر کی تھی۔

پاکستان نے آخری مرتبہ سنہ 2020 میں انگلینڈ کے خلاف انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی جس میں اسے ایک، صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 27 اگست کو لارڈز جبکہ تیسرا ٹیسٹ میچ نو ستمبر کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے