پاکستان

شام کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان، دفاعی شعبے میں‌ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اگست 21, 2026

شام کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان، دفاعی شعبے میں‌ تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان کی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شام کے وزیرِ خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی اور دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دفاعی و سکیورٹی شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

یاد رہے کہ یہ دو دہائیوں سے زائد عرصے میں کسی شامی وزیرِ خارجہ کا پہلا دورۂ پاکستان ہے۔ ان کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب شام اور اسرائیل کے تعلقات شدید تناؤ کا شکار ہیں۔

بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر شام کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا اور عالمی امن و علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔

انھوں نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق شامی وزیرِ خارجہ نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔

دونوں فریقوں نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون اور روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے