کچرے کا پہاڑ جیسا ڈھیر مکانات پر گرنے سے کم از کم 30 افراد ہلاک، 22 زخمی
مغربی افریقہ کے ملک گنی کے دارالحکومت کوناکری میں کچرے کا ایک پہاڑ جیسا ڈھیر قریبی مکانات پر گرنے سے کم از کم 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حکام نے بتایا کہ شہر کے دارالسلام علاقے میں پیش آنے والے اس حادثے میں مزید 22 افراد زخمی ہوئے جن میں چھ کی حالت تشویشناک ہے۔
حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ ’رات بھر ہونے والی شدید بارش کے بعد مقامی وقت کے مطابق تقریباً دو بجے کچرے کا ڈھیر قریبی مقانات پر گر گیا۔ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے فوج سمیت بڑی تعداد میں اہلکار اور دیگر وسائل جائے وقوعہ پر بھیجے گئے ہیں۔
ایک متاثرہ خاتون نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ’اس حادثے میں ان کے پانچ بچے ہلاک ہو گئے۔‘ حکام کو خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
امدادی کارکنوں کو بعد میں کھدائی کرنے والی مشینوں کے ذریعے جائے وقوعہ پر بکھرے کچرے کے بڑے ڈھیر میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کرتے دیکھا گیا، جبکہ مقامی رہائشی بھی موقع پر جمع تھے۔
گنی کے وزیراعظم مامادو اوری باہ نے صورتحال کا جائزہ لینے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کے لیے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔
علاقے کے مقامی رہنما لانسن سیلا نے بتایا تھا کہ انھیں بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

