روسی ڈرون کے یوکرین میں بارود ذخیرہ کرنے والے گودام پر حملے سے بڑی تباہی، 37 ہلاک
روس کے ڈرون نے یوکرین کے دارالحکومت کیئو کے مغرب میں ایک گودام کو نشانہ بنایا جس کے بارے میں یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ وہاں گولے، بارودی سرنگیں اور دیگر گولہ بارود کا ذخیرہ تھا۔
حکام کے مطابق حملے سے بڑے پیمانے پر دھماکے اور آگ بھڑک اٹھی جس نے درجنوں قریبی گھروں اور عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور 37 افراد ہلاک ہو گئے۔
بوچا ضلع کے گاؤں مائلا (Myla) میں واقع ایک گودام پر جمعہ کی رات ہونے والا حملہ اس سال جنگ کا سب سے مہلک حملہ تھا۔
یہ حملہ روسی حملوں کے اس تین روزہ سلسلے کے دوسرے دن ہوا جس کے دوران تقریباً 24 گھنٹے جاری رہنے والی کارروائیوں نے یوکرین کے دارالحکومت اور اس کے گردونواح میں معمول کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔
جمعرات سے دارالحکومت اور کسی حد تک یوکرین کے دیگر علاقوں پر حملوں کا سلسلہ تقریباً مسلسل جاری ہے۔
کیئو میں حکام کا کہنا ہے کہ روس میزائلوں کے ذخائر اکھٹے کرتا ہے اور ہر چند دن بعد بڑے پیمانے پر حملے کرتا ہے، جس کا مقصد زیادہ حملوں کے زور پر یوکرین کے دفاعی نظام کو نڈھال کرنا ہے۔

