مانسہرہ میں سرن ویلی کے پہاڑ پر بھٹک جانے والے غیرملکی ٹریکر ایلکس کی لاش برآمد
مانسہرہ کی سرن ویلی میں چار ہزار میٹر بلند موسیٰ کا مصلیٰ کی چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی پر لاپتہ ہونے والے غیرملکی سیاح کی لاش پراچہ کے جنگل میں جبڑ کے مقام سے برآمد کر لی گئی ہے۔
ریسکیو 1122، پولیس، محکمہ جنگلات اور مقامی افراد پر مشتمل ٹیموں کی جانب سے جاری سرچ آپریشن کے دوران لاش برآمد ہوئی۔
مقامی پورٹر محمد اسلم نے پاکستان24 کو بتایا کہ غیرملکی ٹریکر کی لاش جبڑ کے مقام سے ملی ہے اور اُس کو ابھی نیچے لایا جا رہا ہے-
ضلع مانسہرہ کی 13,500 فٹ (4080 میٹر) بلند چوٹی "موسیٰ کا مصلہ” پر لاپتہ ہونے والے آئرش ٹریکر الیگزینڈر (ایلکس) (Alexander/Alex) کی تلاش کے لیے دو دن سے سرچ آپریشن جاری تھا۔
اتوار کو الیکس اپنے ایک اور غیر ملکی ساتھی کے ساتھ اس چوٹی پر ٹریکنگ کے لیے گئے تھے، جہاں سے واپسی کے دوران دونوں مبینہ طور پر الگ ہو گئے اور الیکس راستہ بھٹکنے کی وجہ سے لاپتہ ہو گئے تھے-
سرچ آپریشن
ریسکیو 1122، خیبر پختونخوا پولیس، محکمہ جنگلات کے حکام اور مقامی رضاکاروں سمیت تقریباً 200 افراد الیکس کی تلاش کی اس مہم میں حصہ لے رہے تھے۔
اس آپریشن کی براہِ راست نگرانی ایس پی سٹی شاہنواز خان کر رہے تھے۔
منگل کو ریسکیو ٹیموں نے اس ٹریک پر "کھوڑی”کے علاقے سے مشکل پہاڑی سلسلے "پراچہ” کی طرف پیش قدمی کی تھی اور ان تمام راستوں کی تلاشی لی جا رہی تھی جہاں ٹریکر کے جانے کا امکان ہو سکتا تھا۔
درپیش چیلنجزخراب موسم
علاقے میں مسلسل ہونے والی بارش اور دھند کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

