نیو یارک کے ٹائمز سکوائر پر بینک آف امریکہ کی 32 سالہ نائب صدر چھریوں کے وار سے ہلاک
امریکہ کے دوسرے بڑے قرض دہندہ ادارے (بینک آف امریکہ) نے بتایا ہے کہ نیویارک شہر کے ٹائمز سکوائر میں چاقو کے وار سے ان کی ایک نائب صدر ہلاک ہو گئی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق یہ ایک غیرمتوقع واقعہ تھا جو دن کی روشنی میں شہر کے سیاحتی مرکز کے عین وسط میں پیش آیا۔
اس واقعے کے باعث پیر کے روز مڈ ٹاؤن مین ہٹن کے علاقے میں سڑکوں پر آمدورفت رک گئی اور فلک بوس عمارتوں کے درمیان ہنگامی خدمات کی گاڑیاں اپنے سائرن بجاتے ہویے پہنچیں۔
نیویارک سٹی پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والی خاتون 32 سالہ ایرن پیاسینٹی تھیں۔ بینک آف امریکہ نے اپنے ایک ملازم کی ہلاکت کی تصدیق کی، اور روئٹرز کی جانب سے دیکھے گئے ایک اندرونی میمو میں ان کی شناخت کی تصدیق کی گئی۔
ان کی لنکڈ اِن (LinkedIn) پروفائل کے مطابق، پیاسینٹی بینک آف امریکہ کے ‘بزنس سلیکشن اینڈ کنفلکٹس یونٹ’ میں نائب صدر کے عہدے پر فائز تھیں۔
امریکی بینکنگ کے بڑے ادارے نے منگل کے روز ‘روئٹرز’ کو بھیجے گئے ایک بیان میں کہا کہ "ہم اپنی ساتھی کے المناک نقصان پر شدید صدمے اور گہرے دکھ کی کیفیت میں ہیں۔ وہ ہماری ٹیم کی ایک انتہائی قابلِ قدر رکن تھیں اور ہمیں ان کی کمی شدت سے محسوس ہوگی۔ ہماری ہمدردیاں ان کے اہل خانہ اور تمام چاہنے والوں کے ساتھ ہیں۔”
بینک آف امریکہ (BofA) کا مین ہٹن آفس ‘ٹائمز سکوائر’ کے بالکل قریب ‘ون برائنٹ پارک’ میں واقع ہے۔
نیویارک پولیس (NYPD) نے ایک بیان میں بتایا کہ اس حملے میں ایک 68 سالہ نامعلوم شخص بھی چاقو لگنے سے زخمی ہوا، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
نیویارک پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش نے کہا کہ پیر کی سہ پہر تقریباً 4:24 بجے (ایسٹرن ٹائم کے مطابق) ‘ویسٹ 42 سٹریٹ’ اور ‘سیونتھ ایونیو’ کے علاقے میں پیش آنے والا یہ حملہ بظاہر بلا اشتعال اور کسی خاص مقصد کے بغیر (random) کیا گیا معلوم ہوتا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ جب اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو انہیں 49 سالہ خاتون پامیلا سسنیروس ملیں جو دو بڑے چاقو لہراتے ہوئے اہلکاروں کی جانب بڑھ رہی تھیں۔ اہلکاروں نے سسنیروس پر گولی چلائی اور بعد ازاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔
پولیس کمشنر ٹِش نے بتایا کہ سسنیروس کی ذہنی صحت سے متعلق مسائل کا شکار تھیں اور اُن کی اس حوالے سے میڈیکل ہسٹری ہے تاہم ان کو کبھی کسی اشتعال کے لیے حراست میں نہیں لیا گیا تھا۔

