اہم خبریں

پاکستان کے آرمی چیف اور سعودی وزیر خارجہ سے ایران کے رابطے

ستمبر 11, 2026

پاکستان کے آرمی چیف اور سعودی وزیر خارجہ سے ایران کے رابطے

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور سعودی عرب کے وزیر‌ خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں-

ایران کی حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے بیانات میں‌ کہا گیا ہے کہ رابطوں میں خطے کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ایرانی حکومت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس سے جاری ہونے والے بیان میں پاکستان کے آرمی چیف سے گفتگو کے بارے میں کہا گیا کہ ’دونوں رہنماؤں نے بڑھتی ہوئی کشیدگی، علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات اور ان کے علاقائی امن و استحکام پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا۔‘

ایران کی وزارت خارجہ نے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت کے بارے میں کہا کہ دونوں نے خطے کی موجودہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

فون پر یہ بات چیت جمعرات کو یمن میں تنازعے کے تناظر میں ہوئی ہے۔

سعودی عرب خطے میں عرب ممالک کا ایک فوجی اتحاد بنا کر یمنی حکومت کی حمایت میں حوثیوں کے خلاف فوجی کارروائیاں کر رہا ہے اور ایران پر بارہا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ وہ یمن میں حوثیوں کو ہتھیار اور فوجی مدد فراہم کر رہا ہے-

تاہم ایران حوثیوں کی فیصلہ سازی میں کسی مداخلت کی تردید کرتا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے