محمد بن سلمان اسرائیل کا دورہ کریں
Reading Time: < 1 minuteاسرائیلی وزیر نے خواہش ظاہر کی ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اسرائیل کا دورہ کریں۔ انٹیلیجنس کے وزیر یسرائیل کاٹز کے ترجمان کے مطابق کاٹز چاہتے ہیں کہ شاہ سلمان اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو سرکاری طور پر ریاض آنے کی دعوت دیں۔
یسرائیل کاٹز کے ترجمان اریے نے بتایا ہے کہ کاٹز نے ایلاف نامی نیوز ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کی۔ تاہم شائع کیے جانے والے انٹرویو میں ان کی اس خواہش کو شامل نہیں کیا گیا۔ ایلاف ویب سائٹ کے مالک ایک سعودی کاروباری شخصیت ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کاٹز نے یہ ہاتھ اس لیے بڑھایا ہے کیونکہ وہ علاقائی امن چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان کوئی سفارتی تعلقات نہیں ہیں ۔ ماضی میں بھی اسرائیلی حکام عرب ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی جانب اشارہ کرتے رہے ہیں ۔
گذشتہ ماہ اسرائیل کی فوج کے سربراہ لیفٹینٹ جنرل گیڈی ائزنکوٹ نے کہا تھا کہ اسرائیل سعودی عرب کے ساتھ خفیہ معلومات کے تبادلے کے لیے تیار ہے کیونکہ دونوں ملک کا مشترکہ مفاد ایران کو روکنے سے وابستہ ہے۔ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اسرائیل سے کسی قسم کے تعلقات صرف اسی صورت قائم ہو سکتے ہیں کہ اسرائیل سنہ انیس سو اڑسٹھ میں قبضہ کیے گئے عرب علاقوں کو خالی کر دے۔