متفرق خبریں

امریکہ کا شام کے نئے رہنما احمد الشرع کا نام مطلوب افراد کی فہرست سے نکالنے کا اعلان

دسمبر 21, 2024 2 min

امریکہ کا شام کے نئے رہنما احمد الشرع کا نام مطلوب افراد کی فہرست سے نکالنے کا اعلان

Reading Time: 2 minutes

امریکہ کی ایک اعلٰی سفارتکار نے کہا ہے کہ واشنگٹن نے شام کے نئے رہنما احمد الشرع کا نام مطلوب افراد کی فہرست سے نکال دیا ہے اور اُن سے بات چیت کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ان کے ’مثبت پیغام‘ کو سراہتے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکہ کی اعلٰی سفارتکار برائے مشرق وسطیٰ باربرا لیف نے یہ بات دمشق میں احمد الشرع سے ملاقات کے بعد کی۔

یہ امریکی سفارتکاروں کا شام میں خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد پہلا باضابطہ دورہ دمشق تھا۔

شام میں بشار الاسد کے خلاف تحریک کی قیادت اسلام پسند تنظیم حیات تحریر الشام ) ایچ ٹی ایس (نے کی جس کے رہنما احمد الشرع ہیں۔ اس تحریک کے نتیجے میں رواں ماہ کی 8 تاریخ کو دہائیوں سے قائم بشار حکومت کا خاتمہ ہوا۔

بابرا لیف کی ایچ ٹی ایس کے سربراہ احمد الشرع سے ملاقات واشنگٹن کی طرف سے ان کے گروپ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے باوجود ہوئی۔

لیف نے اپنی بات چیت کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ’ہماری بات چیت کی بنیاد پر میں نے اُن کو بتایا کہ ہم انصاف کے لیے انعامات کی پیشکش پر عمل نہیں کریں گے جو کچھ سالوں سے نافذ العمل ہے۔‘

خیال رہے کہ امریکہ نے احمد الشرع کے سر کی قیمت یا انعامی رقم دینے کا اعلان کر رکھا تھا جو اُن کی گرفتاری کی صورت میں اطلاع دینے والوں کو دی جاتی۔

باربرا لیف نے کہا کہ احمد الشرع کی جانب سے ’مثبت پیغامات کا ہم نے خیرمقدم کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم ان اصولوں اور اقدامات پر پیشرفت دیکھیں گے، نہ کہ صرف الفاظ۔‘ باربرا لیف کا کہنا تھا کہ ’میں نے (شام میں) تبدیلی کے موجودہ وقت کے دوران شمولیت اور وسیع مشاورت کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا۔‘

امریکی سفارت کار کا کہنا تھا کہ ’ہم شام کی قیادت میں اور شامی لوگوں کے سیاسی عمل کی مکمل حمایت کرتے ہیں جس کے نتیجے میں ایک جامع اور نمائندہ حکومت بنتی ہے جو تمام شامیوں بشمول خواتین اور شام کی متنوع نسلی اور مذہبی برادریوں کے حقوق کا احترام کرتی ہے۔‘

امریکہ نے 14 دسمبر کو اردن میں ہونے والے ایک اجلاس میں شام کی نئی حکومت کے لیے ان اصولوں پر اعلیٰ عرب اور یورپی سفارت کاروں کے ساتھ مشاورت کے بعد اتفاق کیا تھا۔ پڑوسی ملک ترکیہ نے دیگر فریقوں سے اس بات پر اتفاق کیا تھا۔

ایک شامی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس سے قبل اے ایف پی کو تصدیق کی تھی کہ امریکی وفد نے احمد الشرع سے ملاقات کی تھی۔
اہلکار نے کہا کہ ’ملاقات ہوئی، اور یہ مثبت رہی۔ اور نتائج مثبت ہوں گے۔‘

جمعے کو امریکی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا تھا کہ امریکہ اور شامی فریقوں نے ’علاقائی واقعات، شام کا اچھا پڑوسی بننے کے ارادے اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کی اہمیت‘ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے