متفرق خبریں

’فرینڈلی فائر‘، یمن میں امریکی بحریہ نے اپنا ہی جہاز اور پائلٹس مار گرائے

دسمبر 22, 2024 2 min

’فرینڈلی فائر‘، یمن میں امریکی بحریہ نے اپنا ہی جہاز اور پائلٹس مار گرائے

Reading Time: 2 minutes

امریکی فوج کے سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر میں موجود طیارہ بردار بحری جہازوں سے اڑنے والے فائٹر جیٹس نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی تاہم اس دوران ’فرینڈلی فائر‘ کی زد میں آنے سے ایک ہی ایک جہاز تباہ اور دو پائلٹس زخمی ہو گئے۔

مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی کمانڈ کے مطابق اس نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثی میزائلوں کے ذخیرے اور کمانڈ اینڈ کنٹرول تنصیبات پر حملے کیے ہیں۔

کمانڈ نے آدھی رات کے وقت ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’سینٹکام فورسز نے جنوبی بحیرہ احمر، باب المندب اور خلیج عدن میں امریکی بحریہ کے جنگی جہازوں اور تجارتی جہازوں پر حملوں جیسی حوثی کارروائیوں میں خلل ڈالنے کے لیے حملے کیے۔‘

امریکی بحریہ کے دو پائلٹ بحیرہ احمر میں بظاہر ’فرینڈلی فائر‘ کے نتیجے میں نشانہ بنے، تاہم دونوں پائلٹ زندہ ہیں لیکن ایک کو معمولی زخم آئے۔

نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی فوج نے اتوار کو سینٹرل کمانڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’گائیڈڈ میزائل کروزر یو ایس ایس گیٹسبرگ، جو یو ایس ایس ہیری ایس ٹرومین کیریئر اسٹرائیک گروپ کا حصہ ہے، نے غلطی سے ایف/اے 18 پر فائر کیا اور اسے نشانہ بنایا جو یو ایس ایس ہیری ایس ٹرومین سے اڑ رہا تھا۔‘

امریکی فوج کی طرف سے جاری کی گئی ویڈیو میں ایک جیٹ طیارے کو کیریئر سے ٹیک آف کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
مزید کہا گیا کہ ’آپریشن کے دوران سینٹکام فورسز نے بحیرہ احمر کے اوپر متعدد حوثی ڈرونز اور ایک اینٹی شپ کروز میزائل کو بھی مار گرایا۔‘

سوشل میڈیا پر آنے والی ویڈیوز میں لوگوں کو دارالحکومت میں دھماکوں کے بعد بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے، لیکن عرب نیوز فوری طور پر فوٹیج کی کی تصدیق نہیں کر سکا۔

کمانڈ نے کہا کہ آپریشن میں امریکی فضائی اور بحری اثاثوں کا استعمال کیا گیا جس میں ایف اے 18 شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’حملے امریکی اور علاقائی شراکت داروں اور بین الاقوامی جہاز رانی کے تحفظ کے لیے سینٹکام کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔‘

یمن کے بڑے حصوں پر قابض حوثی باغیوں نے 2014 میں دارالحکومت پر قبضہ کر لیا تھا اور وہ بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی پر ڈرون اور میزائل حملے کر رہے ہیں تاکہ اسرائیل پر بحری ناکہ بندی مسلط کی جا سکے۔

اس سے قبل سنیچر کو حوثیوں کا ایک میزائل تل ابیب پر گرا تھا جس میں 16 افراد زخمی ہوئے تھے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے