پولیس افسر کے خلاف اشتہار پر کارروائی
اسلام آباد پولیس کے ایس ایس پی کے خلاف اخبار میں اشتہار شائع کرنے والے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تاہم ملزم نے قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کر لی ہے _
دس اکتوبر کو روزنامہ جناح میں شائع ہونے والے اشتہار میں ایس ایس پی ساجد کیانی پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ حکومت مخالف قوتوں سے رابطے میں ہیں اور سرکار کو بدنام کرنے کے لیے بے گناہ شہریوں کے خلاف مقدمے درج کراتے ہیں _
اخبار کی انتظامیہ نے اشتہار شائع کرنے پر معذرت کر لی تھی جس کے بعد اشتہار دینے والے مارکیٹنگ ایجنٹ عاشق ساہو کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، بتایا جاتا ہے کہ جس شخص حاجی شوکت کی جانب سے اشتہار بنایا گیا وہ مارکیٹنگ ایجنٹ کا بھائی ہے اور آج کل پاکستان سے باہر ہے _

