شاداب خان اور فخر زمان ٹیم میں شامل
کرکٹ بورڈ نے لیگ سپنر شاداب خان اور بیٹسمین فخر زمان کو ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے پاکستان کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سکواڈ ٹیم میں شامل کر لیا – سابق کپتان اظہر علی کو ون ڈے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ نئے کھلاڑی آصف ذاکر اور فہیم اشرف بھی ون ڈے ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں ۔
سلیکٹرز نے بدھ کو جن دو ٹیموں کا اعلان کیا ہے ان میں کامران اکمل بھی شامل ہیں جو آخری بار تین سال قبل بنگلہ دیش میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کھیلے تھے۔
ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ٹیم سے باہر احمد شہزاد کو بھی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ انھوں نے گذشتہ سال انڈیا میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں آخری بار پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
اٹھارہ سالہ شاداب خان مختصر سے وقت میں ایک باصلاحیت آل راؤنڈر کی حیثیت سے سامنے آئے ہیں۔ انھوں نے پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے نو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
فاسٹ بولر محمد عامر کو آرام دینے کی غرض سے ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے تاہم وہ ون ڈے سکواڈ کا حصہ ہیں۔ عمراکمل کو کسی بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز چھبیس ، تیس مارچ یکم اور دو اپریل کو کھیلےجائیں گے۔
ون ڈے سیریز کے تین میچز سات نو اور گیارہ اپریل کو ہوں گے۔