پاکستانی کرکٹ کے جواری کھلاڑی
Reading Time: < 1 minuteپاکستان سپر لیگ کے ختم ہونے کے بعد بھی سپاٹ فکسنگ سکینڈل پاکستانی کرکٹ کا پیچھا نہیں چھوڑ رہا۔ تحقیقات جاری ہیں اور وزیرداخلہ چودھری نثار کے سخت بیان کے بعد سابق کرکٹرز بھی میدان میں آگئے ہیں۔ کرکٹ بورڈ نے کراچی کنگز کے اوپننگ بیٹسمین شاہ زیب حسن کو معطل کرتے ہوئے اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا ۔ وہ اس اسکینڈل میں معطل کیے جانے والے پانچویں کرکٹر ہیں۔ اس سے قبل شرجیل خان، خالد لطیف، ناصر جمشید اور محمد عرفان معطل کیے جاچکے ہیں۔شرجیل خان، خالد لطیف اپنے بیانات ریکارڈ کراچکے ہیں جبکہ محمدعرفان اور شاہ زیب حسن کو تحریری جواب جمع کراناہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سب سے پہلے سابق اوپنر ناصر جمشید کو بھی معطل کیا تھا جن کے بارے میں اس کا دعوی ہے کہ اس پورے اسکینڈل میں وہ مرکزی کردار ہے۔ خدشہ ظاہرکیا جا رہا ہے کہ اس اسکینڈل میں مزید کھلاڑیوں کے نام بھی سامنے آسکتے ہیں۔ سابق کرکٹر جاوید میانداد نے ایسے کھلاڑیورں کو پھانسی دینے کی بات کی تھی جبکہ شاہد آفریدی کے خیال میں ان پر تاحیات پابندی لگائی جانی چاہیے۔ پاکستانی کرکٹ میں پروفیسر کے نام سے مشہور محمد حفیظ نے بھی سپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگانے کی بات کی ہے۔ ملک بھر میں یہ بات بھی زیربحث ہے کہ فکسنگ پر پابندی بھگتنے کے بعد قومی ٹیم میں واپس آنے والے محمد عامر سے کسی نے سبق سیکھا ہے تو بس یہی کہ جوا کھیلنے کے بعد بھی ٹیم میں واپس ممکن ہے اس لیے سب جواریوں کے حوصلے بلند ہوگئے ہیں تاہم کچھ افراد کا یہ خیال ہے کہ محمد عامر کی ٹیم میں واپسی ضروری تھی۔