آفریدی نے پشاور زلمی کو چھوڑ دیا
شاہد خان آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹوئٹر پر پیغام میں انھوں نے کہا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر پشاور زلمی سے علیحدہ ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کی ٹیم کے لیے ان کی نیک تمنائیں ہیں اور جہاں تک پشاور میں ان کے مداحوں کا تعلق ہے تو وہ جانتے ہیں کہ وہ جہاں بھی جائیں گے مداح ان کا ساتھ دیں گے۔ شاہد آفریدی نے 2016 میں پی ایس ایل کے پہلے ٹونامنٹ میں پشاور زلمی کی کپتانی کی تھی تاہم اس سال زلمی ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈیرن سیمی کی قیادت میں کھیلی۔
یاد رہے کہ پشاور زلمی پاکستان سپر لیگ 2017 کی چیمپیئن ٹیم ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں پشاور کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈیئٹرز سے ہوا تھا تاہم شاہد آفریدی زخمی ہونے کی وجہ سے فائنل کھیل نہیں سکے تھے۔