محمد عرفان ایک سال کے لیے معطل
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپاٹ فکسنگ کیس میں محمد عرفان کو ایک سال کے لیے معطل کر کے ان پر دس لاکھ روپے کا جرمانہ بھی کیا ہے۔ محمد عرفان کا سنٹرل کانٹریکٹ بھی چھ ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ محمد عرفان کو یہ سزا جواریوں کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن سیل کو آگاہ نہ کرنے پر دی گئی ہے۔ محمد عرفان نے پاکستان کی جانب سے 4 ٹیسٹ میچ، 60 ون ڈے انٹرنیشنل، اور 20 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں محمد عرفان نے کہا کہ بوکیز نے ان سے دو مرتبہ رابطہ کیا تاہم انھوں نے بوکیز کو ’شٹ آپ‘ کال دی اور کسی قسم کی بدعنوانی نہیں کی۔ محمد عرفان نے اعتراف کیا کہ ان رابطوں کے بعد انھوں نے پی سی بی کو آگاہ نہیں کیا جو کہ ان کی غلطی ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس پابندی کا اطلاق 14 مارچ 2017 سے ہوگا۔