آخری میچ میں تاریخ رقم کر دی
Reading Time: < 1 minuteپاکستان نے ویسٹ انڈیز کو سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 101 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔ پاکستان یہ سیریز دو ایک سے جیتنے میں کامیاب ہوا ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز ہرائی ہے۔ کھیل کے آخری دن ڈومینیکا کے ونڈسر سٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 304 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 202 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
ویسٹ انڈیز کے آؤٹ ہونے والے آخری بیٹسمین شینن گیبریئل تھے جنھیں یاسر شاہ نے بولڈ کر کے پاکستان کو تاریخ ساز کامیابی دلائی۔ پاکستان نے سکینڈ لاسٹ اوور میں کامیابی حاصل کی۔ سپنر یاسر شاہ کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا، انھوں نے اس سیریز میں 25 وکٹیں حاصل کیں۔
کریئر کا آخری میچ کھیلنے والے یونس خان اور کپتان مصباح الحق اس تاریخی فتح کے بعد یادگار انداز میں رخصت ہوگئے۔
مہمان ٹیم کی جانب سے روسٹن چیز نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 101 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے تاہم ان کی یہ اننگز بھی ویسٹ انڈیز کو شکست سے نہ بچا سکی۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے پانچ، حسن علی نے تین، جب کہ محمد عامر اور محمد عباس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 174 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے یاسر شاہ نے اور محمد عامر نے آٹھویں وکٹ کے لیے 61 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 247 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس کے نتیجے میں پاکستان کو 129 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔