پاک افغان کرکٹ سیریز منسوخ
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی افغانستان کے ساتھ مجوزہ کرکٹ سیریز منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیان میں کہا ہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے آنے والا حالیہ بیان قابلِ افسوس ہے۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خود کش حملے کے بعد افغانستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ مجوزہ دوستانہ کرکٹ میچ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی مجوزہ سیریز کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری کردہ اعلان کے ساتھ کابل بم دھماکے کا ہیش ٹیگ ’کابل بلاسٹ‘ استعمال کیا گیا تھا۔
پی سی بی کے مینیجر میڈیا کمیونیکیشن عماد حمید نے کہا ہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایسا بیان آنا افسوس ناک امر ہے۔ عماد حمید نے کہا کہ افغانستان میں کرکٹ کی نشوونما کے لیے جتنا پاکستان کرکٹ بورڈ کا کردار رہا ہے شاید ہی کسی اور کا رہا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان پناہ گزینوں کو کرکٹ سے متعارف کروانے سے لے کر افغانستان کی بین الاقوامی ٹیم بنانے تک پاکستان کرکٹ کا کلیدی کردار رہا ہے۔