پاکستان کو 124 رنز سے شکست
Reading Time: < 1 minuteآئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو 124 رنز سے شکست دے دی۔ انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 48 اووروں میں 319 رنز بنائے تھے جس کے بعد ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت پاکستان کو 324 رنز کا ہدف دیا تھا۔ میچ جیتنے کے لیے پاکستان کو 41 اووروں میں 289 رنز کا ہدف ملا۔ یہ ہدف بار بار بارش کے باعث کھیل کے متاثر ہونے کی وجہ سے دیا گیا۔ تاہم پاکستان کی پوری ٹیم 164 رنز ہی بنا پائی۔ پاکستان کے اوپنر اظہر علی کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی نصف سینچری تک نہیں پہنچ سکا۔ شاداب خان 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ وہاب ریاض انجری کی وجہ سے کھیل نہیں پائے اور یوں نویں وکٹ گرتے ہی پاکستان اور انڈیا کے میچ کا فیصلہ ہو گیا۔ حسن علی کوئی بھی رن نہ بنا پائے جبکہ محمد عامر نے نو رنز بنائے۔ محمد حفیظ 33 رنز کی اننگز کھیل کر جدیجا کا شکار بنے جبکہ عماد وسیم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ شعیب ملک جنھوں نے اپنی اننگز کا جارحانہ انداز میں آغاز کیا اور نو گیندوں پر 15 رنز کی اننگز کھیلی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور جدیجا کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز احمد شہزاد تھے جو 12 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ انڈیا کے روہت شرما 91 اور شکھر دھون 68، اور یوراج سنگھ جارحانہ 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان ویراٹ کوہلی نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 81 رنز کی ناقبل شکست اننگز کھیلی۔