پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کی سکیورٹی پر تحفظات
Reading Time: 2 minutesڈونلڈٹرمپ کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے بھی پاکستان کو دھمکی دیدی ۔ ریکس ٹیلرسن نے پاکستان پر افغان طالبان کی مبینہ حمایت پر مزید دباؤ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت اپنے رویے میں تبدیلی لانے میں ناکام رہتی ہے تو امریکی مراعات کھو سکتی ہے۔ امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ مستحکم پاکستان امریکہ اور دیگر ممالک کے مفاد میں ہے۔ پاکستان جوہری طاقت ہے اور ہمیں اس کے ہتھیاروں کی سکیورٹی پر تحفظات ہیں۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے پاکستان کو نیٹو اتحاد سے باہر پاکستان کو خصوصی اتحادی کا درجہ حاصل ہونے اور اربوں ڈالر کی فوجی امداد حاصل کرنے کے بارے میں بات کی اور کہا کہ اگر حقیقت میں پاکستان اپنے رویے میں تبدیلی نہیں لاتا یا ان متعدد دہشت گرد تنظیموں سے نمٹنے کی حکمت عملی کو تبدیل نہیں کرتا جنھیں پاکستان میں محفوظ پناہ گاہیں حاصل ہیں تو امریکا ان معاملات کو میز پر بات چیت کے لیے لا سکتا ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے مفاد میں ہے کہ یہ اقدامات کرے۔ امریکی وزیر خارجہ نے افغانستان میں نہ امریکہ اور نہ ہی طالبان جنگ جیت سکتے ہیں اور کسی پوائنٹ پر امن بات چیت ہو سکتی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے امن بات چیت میں پاکستان کے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان طالبان کو بات چیت کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے تاہم اسے افغانستان میں حملے کرنے والے عسکریت پسند گروپوں کو محفوظ پناہ گاہیں دینا بند کرنا ہو گا۔ امریکی وزیرخارجہ نے پاکستان کے جوہری پروگرام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک مستحکم پاکستان امریکہ اور دیگر ممالک کے مفاد میں ہے۔ پاکستان جوہری طاقت ہے اور ہمیں اس کے ہتھیاروں کی سکیورٹی پر تحفظات ہیں۔