اسلحے کی برآمد ایران کی ترجیح
ایران کے وزیر دفاع جنرل عامر ہتمی نے کہا ہے کہ ملک کے میزائل پروگرام اور اتحادیوں کو مستحکم کرنے کے لیے انہیں اسلحہ دینا ایران کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر دفاع نے ایک تقریر میں ایرانی نیوز ایجنسی مطابق یہ کہا کہ ‘جنگی اعتبار سے خصوصاً میزائل کے حوالے سے ہمارے پاس ایک خاص منصوبہ ہے جس کے ذریعے ایران کی میزائل کی طاقت کو بڑھانا ہے۔ اور جلد ہی ایران کی بیلسٹک اور کروز میزائل کی صلاحیت بڑھ جائے گی۔’ لیکن نیوز ایجنسی نے وزیر دفاع کی تقریر کا مقام اور موقع نہیں بتایا ۔ جنرل عامر نے کہا کہ ایران اسلحے کو برآمد کرنے پر غور کرے گا تاکہ ‘جنگ اور مسلح تصادم کو روکا جاسکے’۔
ایران کے دفاعی امور پر نظر رکھنے والے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جنرل عامر ہتمی کی تعیناتی سے یہ بات واضح ہے کہ ایران اپنی فوج کے دو حصوں ریگولر آرمی اور پاسداران انقلاب کو ملا رہا ہے ۔ عراق اور شام میں اپنے کردار کے حوالے سے ایران ایسا کر رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق 1979 کے انقلاب کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ وزیر دفاع پاسداران انقلاب سے نہیں بلکہ ریگولر آرمی سے تعینات ہوا ہے۔

