پانچ مزید لاشیں
بلوچستان کے ضلع کیچ میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ مزید ایسے افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔ کمشنر مکران ڈویژن بشیر احمد بنگلزئی کے مطابق لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان میں سے تین افراد کی شناخت ہوئی ہے جن کا تعلق پنجاب کے علاقے گجرات سے ہے اور ان افراد کی شناخت ان کے پاس سے برآمد ہونے والی دستاویزات سے ہوئی ہے۔
گزشتہ ہفتے مارے جانے والے پندرہ افراد کے بارے میں سرکاری حکام کا کہنا تھا کہ یہ لوگ غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش کررہے تھے۔ ان افراد کو قتل کرنے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی تھی۔ تنظیم کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ مارے جانے والے افراد سی پیک پر کام کرنے والے مزدور تھے اور وہ ایف ڈبلیو سے منسلک تھے۔

