سمیع الحق کی عمران سے ملاقات
Reading Time: 2 minutesپاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام (س) کے مابین مشترکہ انتخابی لائحہ عمل کی تیاری پر اتفاق کیا گیا ہے _ اس کیلئے مولانا سمیع الحق کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک بھی ملاقات میں موجود تھے _ ملاقات اسلام آباد کے خیبر پختون خوا ہاؤس میں ہوئی _
تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اور سمیع الحق نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کو غیر ملکی اثر و رسوخ سے آزادی اور کرپشن سے پاک کرنا پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کو سیاسی و معاشی بحران سے نکالنے کیلئے ہمخیال جماعتوں کو شانہ بشانہ محنت کرنا ہوگی۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاکہ جب تک ملک میں کرپٹ عناصر موجود ہیں ترقی کی راہ پر کامیابی سے سفر ممکن نہیں. انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق نے پختونخوا میں اسلام کی ترویج و اشاعت کیلئے ہماری حکومت کے اقدامات کی مکمل تائید و معاونت کی ہے جس پر انکے شکرگزار ہیں. عمران خان کیمطابق مولانا سمیع الحق اور انکی جماعت بہت سے قومی ایشوز اور مسائل پر تحریک انصاف سے ذہنی اور نظریاتی ہم آہنگی رکھتی ہے جس سے دونوں جماعتوں کے مابین بہتری کیلئے محنت کرنے کے امکانات دوچند ہیں. انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کوشش ہے کہ مولانا کی معاونت سے دینی اور عصری علوم کے لاکھوں مراکز کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کر دیں اور علماءکو ان کے شایان شان مقام دلوایاجائے۔
مولانا سمیع الحق نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے پختونخوا میں جو اسلامی اقدامات اٹھائے ہیں ہم ان کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں اور انکی بھر پور تائد کرتے ہیں. ملاقات میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک, وزیر اطلاعات شاہ فرمان مولانا حامد الحق حقانی اور مولانا سید ثمر یوسف موجود تھے۔
ملاقات میں دونوں قائدین نے اصولی فیصلہ کیا کہ ملک کو درپیش مسائل اور مشکلات سے نجات دلانے کے لیے آنے والے انتخابات میں مشترکہ جدو جہد کے لئے باہم مشاورت سے حتمی لائحہ عمل تیار کیا جائےگا۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ اس وقت ہمیں مشترکہ طور پر آنے والے طوفانوں کے سامنے بند باندھناہونا ہوگا کیونکہ ملک کو ہر طرف دشمنوں نے گھیر رکھا ہے۔ ملاقات میں نشستوں کا یہ سلسلہ برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا.