عمران کیس میں نواز نااہل
Reading Time: 2 minutesسنگین غداری کیس میں پرویز مشرف کو فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد کیس کے اختتام پر دیگر ملزمان کو شریک کرنے کا فیصلہ دے کر مقدمہ خراب کرنے والے جسٹس فیصل عرب نے عمران خان نااہلی کیس میں نواز شریف کے خلاف بارہ صفحات لکھ کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے ۔
پرویز مشرف سنگین غداری کیس میں جسٹس فیصل عرب کے فیصلے کو ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دے کر صرف پرویز مشرف کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیا تاہم عدالت نے پرویز کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دی۔
نواز شریف نے احتساب عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے جج عمران خان کیس میں بھی مجھے نااہل کریں گے، جسٹس فیصل عرب نے نواز شریف کو مایوس نہیں کیا اور ان کے خلاف الگ سے بارہ صفحات سیاہ کر دیے ۔
عمران خان نا اہلی کیس کے فیصلے میں جسٹس فیصل عرب نے نواز شریف سے متعلق 12 صفحات پر مشتمل اضافی نوٹ میں لکھا ہے کہ ’دونوں مقدمات کے حقائق بہت مختلف ہیں، ان کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ نوازشریف کیس میں منی لانڈرنگ، کرپشن، معلوم ذرائع سے زائدآمدن کے سنگین الزامات ہیں، وہ 30 سال میں کئی مرتبہ عوامی عہدیدار رہ چکے ہیں۔
نوازشریف 30 سال کے دوران وزیر خزانہ، وزیراعلیٰ اور وزیراعظم رہ چکے ہیں، ان کے کیس میں طے ہوا تھا کہ ایسے شخص کا ایماندار، شفاف، اچھی ساکھ کا ہونا ضروری ہے۔ نوازشریف کے اثاثوں میں لندن کے 4 فلیٹس، العزیزیہ اور گلف اسٹیل فیکٹریاں اور 840 ملین روپے کے تحائف شامل ہیں جو انہیں اپنے بیٹوں کی طرف سے ملے تھے ۔ نواز شریف کیپٹل ایف زیڈ ای کے چیئر مین تھے، وہ وہاں سے دس ہزار درہم تنخواہ وصول کر تے رہے، جے آئی ٹی تحقیقات میں پتا چلا کہ نواز شریف نے یہ اثاثے ظاہر نہیں کیے۔‘