احتساب عدالت کو روک دیا
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت کرنے والی احتساب عدالت کو وارنٹ گرفتاری اور اشتہاری قرار دینے کی کارروائی سے روک دیا ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت کی جانب سے وارنٹ گرفتاری اور اشتہاری قرار دینے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ وکیل نے کہا کہ اسحاق ڈار بیمار ہیں اور لندن میں زیر علاج ہیں جبکہ ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی عدالت میں پیش کیا گیا اس کے باوجود ان کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ وکیل نے کہا کہ اسحاق ڈار کی عدم حاضری میں احتساب عدالت میں شہادتیں ریکارڈ کرانے کا سلسلہ جاری ہے، احتساب عدالت کو کارروائی سے روکا جائے۔
ہائیکورٹ دو رکنی بنچ نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد احتساب عدالت کو 17 جنوری تک اسحاق ڈار کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔ اسحاق ڈار کی درخواست پر حکم امتناع جاری کر دیا گیا۔

