بابا رحمت سے سچ بولیں، چیف جسٹس
Reading Time: 2 minutesچیف جسٹس نے ڈبے والے دودھ کو محفوظ بنانے کے عمل میں نقائص کا ازخود نوٹس لے لیا ہے، چیف جسٹس نے سندھ میں ڈبے والے دودھ کی تیاری میں نقائص پر نوٹس لیتے ہوئے 13 جنوری کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کیس کی سماعت کا فیصلہ کیا ہے _
دریں اثناء سپریم کورٹ نے شریف فیملی کی شوگر ملز جنوبی پنجاب سے منتقلی کے فیصلے کے خلاف اپیلوں کی سماعت کی، عدالت کو جہانگیرترین کے وکیل اعتزاز احسن نے کسانوں سے گنا خریدنے کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے کہا کہ علاقے کی پانچ شوگرملز کسانوں کا گنا خرید لیں گی، اعتزاز احسن نے عدالت کو بتایا کہ جے ڈی ڈبلیو، آر وائی کے، حمزہ، اشرف، انڈس شوگر ملز گنا خریدیں گی _ جس کے بعد سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ فیصلے کو معطل کرتے ہوئے شریف فیملی کی شوگر ملز کھولنے کی درخواست مسترد کردی تاہم شریف فیملی کی ملیں جنوبی پنجاب سے منتقل کرنے کے فیصلے کیخلاف اپیلیں سماعت کیلئے منظور اٹھارہ اپریل کو تفصیلی دلائل کے لیے مقرر کیا ہے_
عدالت نے شریف فیملی کی جنوبی پنجاب سے شوگر ملز کی منتقلی روک دی، اور چیف جسٹس نے کہا کہ جہانگیرترین یقینی بنائیں کہ کسانوں کا نقصان نہ ہو، کسانوں کو پورا معاوضہ ملے، جو یقین دہانی کرائی جائے اس پر من و عن عمل کیا جائے، کسانوں کا مفاد مقدم ہے _ درخواست گزار کاشتکاروں کے وکیل نے کہا کہ جن شوگر ملز کو گنا خریدنے کی اجازت دی گئی ان کی صلاحیت بہت کم ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ کسانوں کی لاہور میں جہاں میٹنگ ہوئی اس کی تصویر میرے پاس آ چکی ہے، چیف جسٹس نے کہا جانتا ہوں کسانوں کو وکیل کرنے کیلئے کس نے سپانسر کیا، چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ بابا رحمتے کے ساتھ سچ بولیں گے تو سب ٹھیک رہے گا، کمزور چیف جسٹس ہوگا جس کے آنکھ اور کان عدالت کے اندر اور باہر کھلے نہیں ہونگے، وکیل اعتزاز احسن نے کہا کہ کسانوں کو اخبارات میں اشتہارات دینے کیلئے رقم کس نے دی _ چیف جسٹس نے کہا کہ گنا خریدنے کے عمل کی خود مانیٹرنگ کروں گا، گنا خریداری میں کسی قسم کی شکایت پر چیمبر میں سماعت کریں گے _