سیریز میں تین صفر سے شکست
Reading Time: 2 minutesتیسرے ایک روزہ میچ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 183 رنز سے شکست دے کر سیریز میں تین صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے ۔ ڈنیڈن میں کھیلے جانے والے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 257 رنز بنائے اور پاکستان کو جیتنے کے لیے 258 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 28 ویں اوور میں صرف 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کے تمام بولرز نے عمدہ گیند بازی کی اور ٹرینٹ بولٹ نے صرف 17 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ کولن منرو اور فرگوسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کی جانب سے گو کوئی بھی بلے باز لمبی اننگز تو نہیں کھیل پایا تاہم رومان رئیس 16 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
اننگز کے آغاز سے ہی پاکستان کی وکٹیں گرنا شروع ہوگئی تھیں اور اور صرف 15 رنز پر ہی اس کی آدھی ٹیم آؤٹ ہو چکی تھی۔ اوپنر فخر زمان دو، بابر اعظم آٹھ جبکہ محمد حفیظ اور اظہر علی بنا کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ کپتان سرفراز 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل نے 45 اور کپتان ولیمسن نے 73 اور ٹیلر نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ تاہم پاکستانی بولروں نے اننگز کے آخری اووروں میں بہتر بولنگ کی اور نیوز لینڈ کو بڑا سکور کرنے سے روکا۔ پاکستان کی جانب سے رومان رئیس اور حسن علی نے تین، تین جبکہ شاداب خان نے دو اور فہیم اشرف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس طریقے کے تحت 61 رنز سے شکست اور بارش سے متاثرہ دوسرے میچ میں پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔