فی منٹ چالیس ہزار کا
Reading Time: < 1 minuteدوسری شادی کیوں کی؟ راولپنڈی کی خاتون دعوی لے کر سپریم کورٹ پہنچ گئی تاہم عدالت عظمی نے ماتحت عدالتوں کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کہاکہ دولہا ساجدحسین نے ثالثی کونسل سے اجازت لے کرشادی کی ہے، اس کے باوجود عدالتی وقت ضائع کرنے کےلئے دعوی دائر کیا گیا ہے توخاتون کے وکیل بتائیں کہ عدالتی وقت کے ضیاع پر کتنا جرمانہ کیاجائے ،جسٹس آصف سعیدخان کھوسہ نے قراردیا کہ انہوں عدالت عظمی کے بجٹ کے حوالے سے حساب لگایا ہے قوم کو عدالتی وقت کے ہرمنٹ کی 40 ہزار روپے ادائیگی کرنا پڑتی ہے ۔دوران سماعت خاتون ثمینہ اخترکے وکیل نے جب کہاکہ پہلی بیوی سے اجازت کے بغیر دوسری شادی کی اور حق مہربھی ادا نہیں کیا_ مولوی پرتنقید کرتے ہوئے وکیل نے کہاکہ دوسرے نکاح نامے میں پہلی شادی اور اجازت لینے کا کوئی ذکر نہیں جس پر بینچ کے رکن جسٹس دوست محمد خان نے مزاق کیاکہ ہمارے ہاں تو ایک مولوی نے فتوی دیا ہے کہ نکاح صرف4ہوسکتے ہیں شادیاں جتنی مرضی کرلیں، ان کا کہنا تھاکہ ہم تومولوں کی بڑی قدرکرتے ہیں مولوی کے بارے میں وکیل کی اپنی رائے ہے ، تاہم روزانہ ”شیو “کی بھی مصیبت ہوتی ہے کچھ لوگ اس وجہ سے بھی داڑھی رکھ لیتے ہیں ، جسٹس دوست محمد خان نے کہا سوشل میڈیا پر ایک تین شادیوں والاشخص نظر آیا جو بتارہا تھا کہ تین شادیوں سے اس کے 36بچے ہیں ابھی چوتھی شادی بھی کرنی ہے اس لئے حکومت وظیفہ مقررکرے، جسٹس دوست محمد نے کہاکہ حکومت نے تو اسے 4 شادیاں کرنے کا نہیں کہا، حکومت تو دو بچے ہی اچھے کا اعلان کرتی ہے۔ یاد رہے کہ ٹرائل کورٹ اورہائیکورٹ نے خاتون کادعوی خارج کردیاتھا جس کے خلاف اپیل عدالت عظمی میں کی گئی _