کھیل

پاکستان کو پانچویں شکست

جنوری 19, 2018 2 min

پاکستان کو پانچویں شکست

Reading Time: 2 minutes

پانچویں اور آخری ایک روزہ کرکٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 15 رنز سے شکست دے کی سیریز پانچ صفر سے جیت لی ہے ۔ ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے آخری ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 272 رنز کا ہدف دیا تھا مگر پاکستانی ٹیم 49 اوورز میں 256 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

میچ میں پاکستانی ٹاپ آرڈر ایک مرتبہ پھر ناکام رہا تاہم مڈل اور لوئر آرڈر میں حارث سہیل اور شاداب خان نے نصف سنچریاں بنائیں۔ دونوں کے درمیان 100 رنز سے زیادہ کی شراکت ہوئی لیکن وہ فتح گر ثابت نہ ہو سکی۔ عامر یامین نے 32 جبکہ محمد نواز اور فہیم اشرف نے 23، 23 رنز کی اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے کامیاب بولر میٹ ہنری رہے جنھوں نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ مچل سینٹنر نے تین، لوکی فرگوسن نے دو اور کولن ڈی گرینڈہوم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی تو اوپنر کولن منرو اور مارٹن گپٹل نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ 5.2 اوور میں 52 رنز کے آغاز کے بعد نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ گری جب منرو رومان رئیس کی گیند پر 34 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہو گئے ۔  کولن منرو کے بعد کین ولیمسن کریز پر آئے اور انھوں نے گپٹل کے ساتھ مل کر سکور کو 100 تک پہنچا دیا۔ نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 101 کے سکور پر اُس وقت گری، جب عمر امین نے ولیمسن کو کیچ کر لیا۔ انھوں نے 22 رنز بنائے تھے۔ ولیمسن کے آؤٹ ہونے کے بعد روس ٹیلر آئے اور مارٹن گپٹل کے ساتھ مل کر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اُن کی پارٹنرشپ میں 150 رنز بنے۔

اوپنر مارٹن گپٹل نے بہت پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کی اور سنچری بنائی۔ سنچری کے بنانے بعد اگلی ہی گیند پر وہ آؤٹ ہو گئے۔ انھیں بھی رومان رئیس نے آؤٹ کیا، روس ٹیلر نے 59 رنز بنائے اور انھیں فہیم اشرف نے آؤٹ کیا۔ آخری دس اووز میں نیوزی لینڈ کی پانچ وکٹیں گریں۔ رومان رئیس نے تین جبکہ فہیم اشرف نے دو وکٹیں لیں۔ ایک وکٹ عامر یامین کے حصے میں آئی۔

پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس طریقے کے تحت 61 رنز سے ہرایا تھا جبکہ بارش سے متاثرہ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی ۔ ڈنیڈن میں کھیلے جانے والے تیسرے میچ 183 رنز سے شکست پاکستان کا مقدر بنی تھی۔ ہیملٹن میں کھیلے جانے والے چوتھے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے میزبان ٹیم کو فتح کے لیے 263 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 46ویں اوور میں حاصل کر لیا تھا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے