نہال کے بعد طلال اور اب دانیال
سپریم کورٹ نے وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز کی عدلیہ مخالف توہین آمیز تقاریر کا نوٹس لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ دانیال عزیز کو 7 فروری کو ذاتی حیثیت میں سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دانیال عزیز کی جانب سے مختلف ٹی وی شوز کے دوران عدلیہ مخالف گفتگو کرنے پر توہین عدالت کا نوٹس لیا گیا۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ نے عدلیہ مخالف تقریر کرنے پر وزیر مملکت طلال چوہدری کو توہین عدالت کا نوٹس بھیجا تھا جس کے لئے تین رکنی بینچ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔
جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں مشتمل بینچ 6 فروری کو کیس کی سماعت کرے گا جب کہ جسٹس مقبول باقر اور جسٹس فیصل عرب بینچ کا حصہ ہوں گے۔

