پاکستان

تارکین وطن کو تحفہ دینا ہے

مارچ 7, 2018 2 min

تارکین وطن کو تحفہ دینا ہے

Reading Time: 2 minutes

چیف جسٹس نے تارکین وطن پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا نہ ہو تارکین وطن کو ووٹ کیلئے سافٹ ویئر تو بن جائے لیکن قانون سازی کیلئے اسمبلی موجود نہ ہو، ہم نے عوام کو تحفہ دینا ہے ۔ نادرا حکام نے سپریم کورٹ کو ووٹنگ سافٹ ویئر کی پریذنٹیشن بھی دی ۔

چیف جسٹس ثاقب کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے کے کیس کی سماعت کی ۔ چیف جسٹس نے پیش رفت کے بارے میں سوال کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ووٹ کے حق کو یقینی بنانا ہے، یقینی بنانا یے کہ تارکین وطن کو ووٹ کی سہولت اور حق ملے، آپ کا کام مکمل ہونے کے بعد ہوسکتا ہے کہ قانون سازی کرانی پڑے، اگر اسمبلی ختم ہوگئی تو اس چیز کو بھی دیکھنا ہے، ایسا نہ ہو کہ سافٹ ویر بن جائے اور قانون سازی کے لیے اسمبلی موجود نہ ہو۔چیئرمین نادرا نے کہا نادرا نے بہت پیش رفت کرلی ہے، سسٹم کافی حد تک ہم نے بنالیا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا سیکرٹری الیکشن کمیشن کدھر ہیں؟ ۔چیئرمین نادرا نے کہا یہ سسٹم الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر بنا رہے ہیں، ووٹ رجسٹریشن، ووٹ ڈالنا، ووٹ کی گنتی کا سسٹم بنارہے ہیں،ووٹ کی سہولت دینے کا آدھا سسٹم بنالیا ہے۔

نادرا کی طرف سے عدالت کو پریذنٹیشن دی گئی جس میں ووٹ ڈالنے کا طریقہ کار بتایا گیا ۔پریذنٹیشن میں فرضی بیلٹ پیپر دکھایا گیا جس میں پہلے نمبر پر بلے ،دوسرے نمبر پر شیر جبکہ تیسرے نمبر پر تیر کا نشان دکھایا گیا ،ووٹ کاسٹ کرنے کا طریقہ بھی بتایا گیا ۔چیف جسٹس نے پوچھا کتنے تارکین وطن ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں؟

۔چیئرمین نادرا نے جواب دیا 80لاکھ تارکین وطن ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں،سسٹم کی تنصیب کے آلات بھی خرید رہے ہیں،ووٹرز کو اپنے آپ کو رجسٹرڈ کروانا ہوگا۔چیف جسٹس نے کہا کیا رجسٹریشن کی کوئی مقررہ مدت ہوگی؟ اس پر چیئرمین نادرا نے جواب دیا مقررہ مدت کا تعین الیکشن کمیشن کرے گا۔چیف جسٹس نے کہا ہم نے آپ کو سسٹم کی تیاری کے لیے 10 ہفتے دیے تھے، آپ کی پیش رفت دیکھ کر آپ کی مدت معیاد 8 ہفتے کررہے ہیں،ہم نے یہ تحفہ عوام کو دینا، ہے، تارکین وطن ہمارے لیے زرمبادلہ کا زریعہ ہے، تارکین وطن پاکستان سے بہت پیار کرتے ہیں، تارکین وطن ملک سے محبت کے جذبے میں بہت آگے نکل گئے ہیں، کیا ایک مرتبہ ڈالا گیا ووٹ undo ہوسکتا ہے؟ ۔

چیئرمین نادرا نے کہا Submit بٹن دبانے سے پہلے ووٹ کا انتخاب تبدیل کیا جاسکتا ہے۔جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا یہ کیسے یقینی بنایا جائے گا کہ ووٹر نے کسی کے اثر انداز ہوئے بغیر ووٹ ڈالا ہے،عام نظام میں ووٹر الگ کیبن میں جاکر ووٹ ڈالتا ہے۔چیئرمین نادرا نے کہا اس سسٹم کے تحت اثر انداز ہونے کو نہیں روک سکتے۔چیف جسٹس نے کہا سیکیورٹی کے معاملات کو بھی سسٹم کی تیاری میں مدنظر رکھا جائے۔

چیئرمین نادرا نے کہا آن لائن سسٹم کا ڈیٹا الیکشن کمیشن کے پاس ہوگا،الیکشن کمیشن ڈیٹا ریٹرننگ آفیسر کا فراہم کرے گا۔جسٹس اعجاز الااحسن نے کہا جعلی ووٹنگ کو روکنے کا سسٹم میں بندوبست ہوگا؟ ۔چیئرمین نادرا نے کہا جعلی ووٹنگ کو سسٹم سے روکا جائے گا،ہماری یہ استدعا ہے کہ ہمارے سسٹم کی ایولوایشن کا تھرڈ پارٹی سے جائزہ لیا جائے۔بعد ازاں عدالت نے سماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی کرتے ہوئے نادرا سے پریزنٹیشن بارے پیش رفت رپورٹ طلب کر لی ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے