پاکستان پاکستان24

وزیراعظم نے کرکٹ پر بیان جاری کر دیا

مارچ 25, 2018 2 min

وزیراعظم نے کرکٹ پر بیان جاری کر دیا

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد اور اس میں بھرپور شرکت پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت قائد محمد نواز شریف کے وعدے اور ویژن کے تحت قوم کی خوشیاں اسے واپس لوٹا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی، امن کا قیام اور کھیلوں کا فروغ حکومتی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں سے ہمکنار کیا۔ کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد اس شہر بے مثال کے عالمی تشخص میں تبدیلی لائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے امن اور خوشیوں کی بحالی میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے ویژن،صوبائی حکومت کے تعاون،پاکستان کی مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والوں کا اہم کردار شامل ہے، پی ایس ایل نے پوری قوم کو ایک نیا جذبہ اور خوشی دی ہے،حکومت ان خوشیوں کو بڑھانے کے لیے اسی جذبے اور نیک نیتی سے کام کرتی رہے گی۔

دوسری طرف وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد شہرقائد کے پھر سے روشنیوں کا شہر بننے کی دلیل ہے۔

جس شہر میں خوف کے سائے منڈلاتے تھے، آج اسی شہر میں لوگ جوق در جوق میچ دیکھنے آ رہے ہیں۔ شہریوں کا جذبہ اور ولولہ لائق تحسین ہے۔ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا ملک سے اندھیرے مٹانے، امن کو بحال اور کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے کا ایک اور وعدہ پورا ہو گیا۔ قوم کی لازوال قربانیاں شہر قائد میں امن کی بحالی اور خوشیوں میں شامل ہیں۔

تمام قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں،ان کی آمد سے ملک میں کھیلوں کی سرگرمیاں فروغ پا رہی ہیں اور قوم کا جذبہ بڑھا رہی ہیں۔ مسلم لیگ ن پورے ملک کو ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنارہی ہے۔ کراچی کی خوشیوں پر پوری قوم اور بالخصوص کراچی کی عوام کو مبارکباد دیتے ہیں۔ اللہ تعالی میرے وطن پر یہ بہار اور اس کی خوشیاں سدا سلامت رکھے۔دعا ہےکہ آج کا دن خوشیوں اور سلامتی کے ساتھ پایا تکمیل کو پہنچے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے