ملتان میں گیس سے بھرا ٹینکر پھٹنے سے 5 ہلاک، آبادی کو بڑا نقصان
Reading Time: < 1 minuteملتان میں فہد ٹاؤن کے قریب سڑک پر گیس سے بھرا کینٹینر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں قریبی آبادی کو نقصان پہنچا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق اتوار کو رات گئے ملتان میں لیکج کے باعث گیس سے بھرے کینٹینر میں آگ بھڑک اٹھی اور دھماکہ ہوا۔ جلتے ٹینکر کے ٹکڑے قریبی آبادی پر گرنے سے تین خواتین سمیت پانچ افراد ہلاک اور 13 جھلس کر زخمی ہو گئے جن میں سے متعدد کی حالت نازک ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کئی جانور بھی جھلس کر ہلاک ہو گئے جبکہ درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا۔
ریسکیو 1122 کی 10 فائر فائیٹنگ گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں اور بڑی آگ پر قابو پا لیا گیا تاہم لیکج جاری ہے۔
زخمیوں کو ملتان کے نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 نے گھروں سے متاثرین کو نکالنے کے لیے سرچ آپریشن بھی کیا۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق واقعہ ملتان کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس سے بھرے ایل پی جی باؤزر میں دھماکہ سے پیش آیا۔
سی پی او ملتان صادق علی نے بتایا کہ ایل پی جی باؤزر دھماکے میں کئی مکانات تباہ ہوئے اور جانور بھی جھلس کر ہلاک ہو گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ گیس کا اخراج جاری ہے، جس کی وجہ سے علاقے کو خالی کرایا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق نشتر ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے اور جائے حادثہ اور اطراف میں بجلی اور گیس کی فراہمی بند کر دی گئی ہے۔