پاکستان: جعلی فیس بک اکاونٹس خطرہ
Reading Time: 2 minutesواشنگٹن میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ رواں سال پاکستان اور برازیل سمیت کئی ممالک میں انتخابات ہونے جارہے ہیں، امریکی الیکشن کے دوران ہونے والے غلطی کو سدھارتے ہوئے پاکستان میں بھی جعلی فیس بک اکائونٹ بند کرنے کیلئے کام کیا جا رہا ہے ۔ مارک زکربرگ نے تسلیم کیا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس سے انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جاسکتی ہے ۔
فیس بک کے چیف ایگزیکٹو افسر مارک زکر برگ نے امریکا کے صدارتی انتخاب میں صارفین کے کوائف ان کی اجازت کے بغیر استعمال ہونے پر امریکی قانون ساز ادارے کانگریس کے سامنے پیش ہوئے اور اراکین کانگریس کے سخت سوالوں کے جواب دیئے ۔ زکربرگ نے کہا کہ فیس بک میں موجود تمام مسائل اور غلطیوں کی ذمہ داری تسلیم کرتے ہیں اور ان کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
مارک زکر برگ نے کانگریس کو بتایا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ جعلی خبروں، انتخابات میں غیرملکی مداخلت، نفرت انگیز مواد، ڈویلپر پالیسیوں اور ڈیٹا پرائیویسی کی روک تھام کے حوالے سے کئی مسائل کا سامنا رہا ہے جنہیں ہم درست طریقے سے نہیں برت سکے جس پر نہایت افسوس ہے لیکن آئندہ اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے ان مسائل پر قابو پالیں گے ۔
فیس بک کے بانی نے انکشاف کیا کہ ان کی کمپنی روسی آپریٹرز کے ساتھ مسلسل حالتِ جنگ میں ہے جو فیس بک کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ روس میں ایسے لوگ ہیں جن کا کام ہمارے نظام اور دیگر انٹرنیٹ نظاموں کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنا ہے ۔
سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے پر انہوں نے کہا کہ اب ان کی کمپنی جعلی اکاؤنٹس کی شناخت کے لیے نئی ٹولز بنا رہی ہے ۔ سیشن کے دوران بانی فیس بک نے کئی سوالات کے جوابات دینے سے گریز کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ آزادانہ ماحول میں رازدارانہ باتیں نہیں کر سکتے، کسی بند کمرے میں وہ زیادہ بہتر انداز میں چیزوں کو بیان کرسکتے ہیں ۔
یاد رہے کہ فیس بک پر امریکا کے صدارتی انتخاب پر اثر انداز ہونے کے لیے صارفین کے کوائف استعمال ہونے کا الزام ہے ۔