فرانس ورلڈکپ کے فائنل میں
فٹبال ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں فرانس نے بیلجیئم کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے ۔ فائنل میں فرانس کا مقابلہ کروشیا یا انگلینڈ سے ہوگا جن کے درمیان دوسرا سیمی فائنل آج کو ہوگا ۔
منگل کو سیمی فائنل روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ میں کھیلا گیا اور پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں ۔ میچ کے دوسرے ہاف میں 51ویں منٹ میں فرانس کو گول کرنے کا موقع اس وقت ملا جب کارنر پر اونٹوانا کی جانب سے پھینکے گئے کراس پر سیموئل اومٹیٹی نے ہیڈر سے گول کر دیا ۔ فرانس کی برتری کو ختم کرنے کی بیلجیئم نے بھرپور کوشش کی لیکن میچ کے اختتام تک اسے کامیابی نہیں ملی ۔
بیلجیئم ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیموں میں شامل تھا اور اس نے سیمی فائنل سے پہلے تک کھیلے گئے میچوں میں سب سے زیادہ 14 گول کر رکھے تھے لیکن سیمی فائنل میں فرانس کے خلاف گول کرنے میں ناکام رہا ۔