وزیر اطلاعات کی حقیقی ٹرولنگ
وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کی پرواز کے بارے میں پچپن روپے فی کلومیٹر کا بیان دینے والے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کی سوشل میڈیا پر ٹرولنگ تو جاری ہی ہے لیکن ان کے قریبی دوستوں اور گھر والوں نے حقیقی زندگی میں بھی ہیلی کاپٹر معاملے پر ٹرولنگ شروع کر دی ہے ۔
انتہائی معتبر ذرائع کے مطابق فواد چودھری کے گھر والوں نے بھی مذاق میں ان سے پچپن روپے والے ہیلی کاپٹر کی سواری کا مطالبہ کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ ان کے قریبی دوستوں اور کابینہ ارکان نے بھی ان سے فرمائش کی ہے کہ انہیں ہیلی کاپٹر فراہم کیا جائے ۔
اس سلسلے میں جب وزیر اطلاعات سے سپریم کورٹ میں سوال کیا گیا تو انہوں نے میڈیا کے کیمروں پر بات کرنے سے معذرت کر لی ۔ ان سے کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر والا سوال نہیں کیا جائے گا آپ عدالت میں آنے پر کچھ بتا دیں لیکن وہ مسکراتے ہوئے سپریم کورٹ سے باہر نکل گئے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فواد چودھری کا بطور وزیر اطلاعات میڈیا سے تعلق روزانہ کی بنیاد پر اب سرکاری حیثیت میں ہے مگر وہ پہلے سے ہی بات بے بات میڈیا پر جلوہ گر ہونے کے لئے مشہور ہیں ۔
عدالت کے باہر فواد چودھری کے وکیل بھائی فیصل چودھری سے جب بوچھا گیا کہ کیا آپ نے بھی پچپن روپے والے ہیلی کاپٹر کی ڈیمانڈ کی ہے تو انہوں نے تصدیق یا تردید نہ کی ۔ دوبارہ سوال کرنے پر فیصل چودھری مسکراتے رہے ۔

