پراپرٹی ڈیلرز نے فساد پھیلایا ہوا ہے
سپریم کورٹ میں اسلام آباد کے ایک پلاٹ کی الاٹمنٹ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا ہے کہ شہر میں پراپرٹی ڈیلرز نے فساد پھیلایا ہوا ہے ۔
عدالت عظمی کے تین رکنی بنچ نے پلاٹ کی الاٹمنٹ پر دائر درخواست کی سماعت کی ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پلاٹ کی الاٹمنٹ میں جعل سازی لگتی ہے ۔ خریدار محمد رفیق نے بتایا کہ میں نے پلاٹ خریدا اور سی ڈی اے کو بھی ایک کروڑ کی گارنٹی دی ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ معاملہ ایف ائی اے کو بھیج کر تحقیقات کروائیں گے، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پلاٹ کی الاٹمنٹ کا فرانزک آڈٹ ہوگا، جس نے گڑبڑ کی وہ جیل جائے گا، چیف جسٹس نے کہا کہ پراپرٹی ڈیلر اسلام آباد میں گھوم رہے ہیں، پراپرٹی ڈیلر نے اسلام آباد میں فساد پیدا کیے ہوئے ہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ پراپرٹی ڈیلر پاور آف اٹارنی لے کر سی ڈی اے سے الاٹمنٹ لیٹر جاری کرواتے ہیں ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر پلاٹ کی الاٹمنٹ پر ایف آئی اے کو طلب کرتے ہوئے مقدمہ ملتوی کر دیا ۔

