خان کا بھانجا وکیل آپے سے باہر
وزیراعظم عمران خان کے بھانجے اور حفیظ اللہ نیازی کے بیٹے نے وکالت کی دنیا میں قدم رکھتے ہی اپنے تھپڑوں سے دھاک بٹھانے کی کوشش کی ہے ۔ نئے وکیل نے موکل اور عدالتی عملے سے بدتمیزی کرنے کے بعد تھپڑ بھی جڑ دیے ۔ مضروب نے تھانے میں درخواست دے دی ۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں فیصل رضا عابدی کا انٹرویو نشر کرنے والے ویب ٹی وی کے مالک ہنس مسرور کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی اور عدالت نے ضمانت کی منظوری دی ۔ رپورٹرز کے مطابق عدالت سے باہر نکلتے ہوئے ایک وکیل حسان نیازی جو عمران خان کا بھانجا ہے، نے ہنس مسرور سے بدتمیزی کی اور کہا کہ آپ کی وکالت میں کر رہا تھا، نیا وکیل کیسے ہائر کیا؟ جس پر حسان نیازی کو کہا گیا کہ آپ کسی پیشی پر آئے ہی نہیں اس لئے نیا وکیل کرنا پڑا ۔
موقع پر موجود افراد نے بتایا کہ اس جواب پر عمران نیازی کا بھانجا وکیل غصے میں آ گیا اور ہنس مسرور کے ساتھ آئے افراد سے بھی بدتمیزی کی ۔ اسی دوران ایف آئی اے عدالت کے نائب کورٹ ہیڈ کانسٹیبل ممتاز نے مداخلت کی اور کہا کہ عدالتی احاطے میں شور شرابہ نہ کیا جائے جس کے بعد وکیل نے اس کو تھپڑ مارا ۔
ہیڈ کانسٹیبل ممتاز نے تھانہ رمنا میں مقدمے کے اندراج کیلئے جمع کرائی درخواست میں کہا ہے کہ جس شخص نے مجھے ننگی اور بے ہودہ گالیاں دیں اور تھپڑ بھی مارے اس کی چھوٹی داڑھی تھی اور تین لوگ اس کے ساتھ تھے ۔

