پاکستان

پانچ کروڑ کھانے والے پٹواری کا مقدمہ

دسمبر 19, 2018 2 min

پانچ کروڑ کھانے والے پٹواری کا مقدمہ

Reading Time: 2 minutes

سپریم کورٹ نے پانچ کروڑ کی کرپشن میں ملوث کوئٹہ کے پٹواری محمد رفیق کی پانچ سالہ سزا اور جائیداد ضبطی فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے ۔

جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں تین رکنی عدالتی بنچ نے ہائیکورٹ فیصلے کے خلاف پٹواری کی اپیل سنی ۔ وکیل افتخار گیلانی نے کہا کہ میرے موکل کے خلاف انکوائری اور ریفرنس دائر کرنے کا حکم چیئرمین نیب نے نہیں دیا تھا، اس طرح یہ قانون کے مطابق نہیں تھا کیونکہ جب انکوائری آرڈر ہوئی اور ریفرنس فائل ہوا، چیئرمین نیب کا عہدہ خالی تھا ۔

عدالت کو بتایا گیا کہ رفیق پٹواری کو احتساب عدالت نے پانچ سال قید اور پانچ کروڑ جرمانے کی سزا سنائی ۔ ہائیکورٹ نے اپیل پر پٹواری کی سترہ جائیدادیں ضبط کرنے کا بھی اضافہ کیا ۔

پٹواری کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق چیئرمین نیب کا اختیارات تفویض کرنے کا حکم عہدے سے ہٹائے جانے پر وقعت کھو بیٹھتا ہے ۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ آپ کا مطلب ہے چیئر مین کی عدم موجودگی میں نیب کا عملہ چیئرمین کے تفویض اختیارات استعمال نہیں کر سکتا، انہوں نے پوچھا کہ نیب افسران کو چیئرمین کی عدم موجودگی میں اختیارات کے اسعمال کی اجازت سے فائدہ کس کا ہو گا؟ جسٹس عظمت نے پٹواری کے وکیل سے پوچھا کہ کیا آپ اپنے مؤکل کو جیل سے نکالنا چاہتے ہیں یا نیب قانون کے سیکشن دس اے کی تشریح کی درخواست کر رہے ہیں؟

وکیل نے جواب دیا کہ مؤکل کو جیل سے تو نکالنے کیلئے ہی اپیل کی ہے لیکن عدالت سے اس قانونی شق کی تشریح بھی چاہتے ہیں ۔ وکیل نے کہا کہ نیب کے چیئرمین کا تقرر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے ہوتا ہے اس میں پارلیمان کا کردار نہیں ہے جس پر قانونی سوال ہے ۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ کیا ایسی صورت دونوں میں سے کوئی فریق تقرر کے عمل کو متاثر کرے گا؟ ۔ نیب  کے پراسیکیوٹر جنرل نے اپنے دلائل میں کہا کہ نیب کے آفیسرز چیئرمین نیب کی عدم موجودگی میں اس کے تفویض کردہ اختیارات استعمال کر سکتے ہیں، یہ اختیار نیب افسران کو سپریم کورٹ کا فیصلہ دیتا ہے ۔ عدالت نے اپیل پر سماعت مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کر لیا ۔

جسٹس عظمت سعید نے سماعت کے اختتام پر اپیل کنندہ کے وکیل، سرکاری وکیل اور نیب کے پراسیکیوٹر جنرل کا شکریہ ادا کیا کہ ہم آپ کے شکرگزار ہیں کہ ہمیں کنفیوژ کیا، ہم فیصلہ محفوظ کرتے ہیں ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے