مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی، نواز شریف
Reading Time: < 1 minuteسابق وزیراعظم نواز شریف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں مسلم لیگ ن کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، غریبوں کو سمجھ نہیں آرہی کیسے گزارہ کریں ۔
نواز شریف اور شہباز شریف اکھٹے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے، سابق وزیراعظم کے ساتھ کوئی ذاتی سیکیورٹی گارڈ پارلیمنٹ ہاؤس نہیں آیا۔
نواز شریف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں مسلم لیگ ن کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی جس میں پارٹی تنظیم سازی سمیت دیگر امور زیر غور آئے، اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی تنظیم سازی کے جاری عمل سے ملکی سیاست پر دوررس نتائج مرتب ہوں گے ۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب مسلم لیگ ن کو حکومت ملی ملک نے ترقی کی گزشتہ دور میں بھی لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا ملک سے خاتمہ کیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں ہونے والی ملکی ترقی کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا گیا ۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی کی انتہاء کردی، غریب آدمی کو سمجھ نہیں آرہاگزارہ کیسے کرے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں معاشی اور اقتصادی ترقی کے باعث عوام کو ریلیف دیا گیا ۔