سی ٹی ڈی نے بے گناہ شہری مار دیئے
ساہیوال میں انسداد دہشت گردی کے محکمے کے اہلکاروں نے فائرنگ کرکے مبینہ طور پر معصوم بچوں کے سامنے ان کے ماں باپ کو قتل کر دیا ہے ۔ سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی دہشت گردوں کے خلاف کی گئی تاہم مقامی لوگوں نے ایلیٹ فورس کے جعلی مقابلے کا بھانڈا پھوڑ دیا ۔
ساہیوال قادر آباد جی ٹی روڈ پر مبینہ طور پر سیکیورٹی اداروں کی کارروائی میں کار سوار دو مرد اور دو خواتین قتل کر دی گئی ہیں، عینی شاہدین کے مطابق کار میں بچے بھی موجود تھے جن کو مبینہ طور پر سیکیورٹی ادارے والے کارروائی کے بعد اپنے ساتھ لے گئے اس آپریشن کے بارے میں ابھی تک پولیس کو کچھ بھی علم نہیں ہے ۔

ڈسٹرکٹ پولیس ساہیوال کے ترجمان نے بتایا کہ یہ لاہور سی ٹی ڈی کی کاروائی ہے ۔ بچوں نے مقامی لوگوں کو بتایا کہ ہم لاہور سے بورے والا جا رہے تھے اور مارے جانے والے ہمارے والدین تھے ۔ فائرنگ سے ایک بچہ زخمی ہے، دو معصوم بچیوں کو بھی پولیس نے اسپتال منتقل کر دیا ہے ۔
پولیس نے بچوں سے میڈیا کو دور رکھا ہے ۔ اس سے قبل بات کرتے ہوئے ایک بچی نے بتایا کہ ہماے مما پاپا کو پولیس نے قتل کیا ہے ۔ سیکورٹی اداروں کی جانب سے ہسپتال کو مکمل طور پر گھیرے لے لیا ہے . میڈیا کو ہسپتال میں جانے نہیں دیا جا رہا ۔

