بچے کی پیدائش پر باپ کو چھٹی؟
وفاقی حکومت نے بچے کی پیدائش پر والد کے لیے بھی دس دن کی چھٹی کی منظوری دی ہے۔ یہ خبر گزشتہ دنوں سامنے آئی مگر اب معلوم ہوا ہے کہ چھٹی صرف نیشنل کمیشن آن سٹیٹس آف ویمن کے محکمے میں کام کرنے والے مرد ملازمین کیلئے ہے ۔
چھٹی کی خبر کے بارے میں سب سے پہلے وزارت انسانی حقوق کی سیکرٹری رابعہ جاوید آغا نے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا ۔ انہوں نے لکھا کہ وفاقی کابینہ نے نیشنل کمیشن آن سٹیٹس آف ویمن کے سروس قوانین منظور کرتے ہوئے پاکستان میں پہلی بار وفاقی حکومت کے مرد ملازمین کو بچے کی پیدائش پر 10 دن کی چھٹی کی منظوری دے دی ہے ۔
بعد ازاں انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ چھٹی سب کے لیے نہیں، اس کا اطلاق صرف نیشنل کمیشن آن سٹیٹس آف ویمن کے مرد ملازمین پر ہوگا ۔ شیریں مزاری نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اس کا دائرہِ کارکس طرح پورے ملک تک بڑھایا جائے، ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب کی حکومت نے سنہ 2012 میں 1981 کے قواعد میں ترمیم کرتے ہوئے پنجاب بھر کے مرد ملازمین کو پہلے دو بچوں کی پیدائش پر سات دن کی چھٹی کا حق دیا تھا۔ اسی طرح ملک میں بہت کم نجی ادارے ایسے ہیں جو بچے کی پیدائش پر والد کو کام سے چھٹی دیتے ہیں تاہم اس کیلئے دنوں کا تعین نہیں ہے ۔

