اسلام آباد میں پشتونوں کیلئے دفعہ چوالیس
Reading Time: < 1 minuteوفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پشتون تحفظ موومنٹ کے کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے گرفتاری کے آرڈر جاری کیے۔ فرزانہ باری کہتی ہیں احتجاج سب کا آئینی حق ہے۔ حکومت مسائل حل کرے، تحریکیں خود دم توڑ جائیں گی۔
اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر شہید پروفیسر ارمان لونی کے ماورائے عدالت قتل کیخلاف احتجاج کیلئے آئے پشتون تحفظ موومنٹ کے کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے بھاری نفری نے کارکنان کو پکڑ کر تھانہ کوہسار منتقل کردیا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ پی ٹی ایم کارکنان کی گرفتاری کے آرڈرز ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے موصول ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ پی ٹی ایم کارکنان نے دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی کی جس کے باعث انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سماجی کارکن فرزانہ باری کا کہنا تھا کہ اگر ریاست کسی تحریک کو پسند نہیں کرتی تو مسائل حل کرے، ایسی تحریکیں خود ہی دم توڑ جائیں گی۔ جیلیں بھرنے سے صرف نفرت پھیلے گی۔ عوام کا ریاستی اداروں سے اعتبار اٹھ جائے گا۔ احتجاج سب کا آئینی حق ہے۔