ایان علی کا فلیٹ بحق سرکار ضبط
پاکستان کے شہر راولپنڈی کی ایک عدالت نے معروف ماڈل ایان علی کا ملکیتی فلیٹ بحق سرکار ضبط کرنے کے بعد اسے بیچنے کی ہدایت کی ہے ۔
راولپنڈی کی کسٹمز عدالت نے ماڈل ایان علی کی کرنسی سمگلنگ کیس میں جائیداد ضبطگی کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے کراچی کے کریک سٹی وسٹا ڈی ایچ اے کے فیز 8 میں واقع فلیٹ بحق سرکار ضبط کر لیا ہے ۔
راولپنڈی سے صحافی یاسر حکیم کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی ساؤتھ امداد حسین کھوسو نے جائیداد ضبطی کے احکامات پر عمل درآمد کی رپورٹ کسٹمز عدالت کو بجھوائی ہے ۔
کسٹم کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے فلیٹ بحق سرکار ضبطگی کے بعد اس کی نیلامی کے احکامات جاری کیے ہیں ۔ کسٹمز کے پراسیکیوٹر امین فیروز نے بتایا کہ فلیٹ کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم سرکاری خزانہ میں جمع ہو گی ۔
خیال رہے کہ ماڈل ایان علی کو سنہ 2015 میں اسلام آباد ائرپورٹ سے کرنسی اسمگلنگ کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا ۔ ایان علی کے قبضے سے پانچ لاکھ ڈالرز برآمد کیے گئے تھے ۔
جولائی سنہ 2015 میں ضمانت پر رہائی کے بعد ایان علی بیرون ملک چلی گئیں جس کے بعد ان کو عدالت نے اشتہاری ملزم قرار دیا ہے ۔

