حمزہ اور نیب کو عدالت نے الگ کر دیا
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور احتساب کے قومی ادارے کے درمیان دوسرے روز بھی آنکھ مچولی جاری تھی کہ لاہور ہائیکورٹ نے پیر تک کے لیے حکم جاری کر دیا ہے ۔
حمزہ شہباز نے اپنی گرفتاری سے قبل ضمانت کے لیے وکیل کے ذریعے ہائیکورٹ سے رجوع کیا جبکہ دوسری جانب احتساب بیورو کی ٹیم گرفتاری کے وارنٹ لے کر ان کے گھر پہنچ گئی تھی ۔
لاہور میں نیب کی ٹیم شہبازشریف کی رہائش گاہ کا گھیرائو کر کے کھڑی تھی اور گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی گئی۔
دوسری طرف طرف حمزہ شہباز نے نیب کے وارنٹ گرفتاری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب نے غیر قانونی طور پر چھاپہ مارا ۔
حمزہ شہباز کی درخواست کے مطابق ہائیکورٹ نیب کو گرفتاری سے قبل حمزہ شہباز کو آگاہ کرنے کا کہہ چکی ہے ۔
حمزہ شہباز نے استدعا کی ہے کہ عدالت وارنٹ گرفتاری کو فوری معطل کرے اور نیب کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔
عدالت نے ابتدائی سماعت کرتے ہوئے نیب کو حمزہ شہباز کی گرفتاری سے روک دیا ہے ۔
نیب سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی ہے ۔

