سعودیہ میں 7 حکومتی ناقدین گرفتار
Reading Time: < 1 minuteسعودی بادشاہت نے ملک میں طرز حکمرانی پر تنقید اور مسائل کی نشاندہی کرنے والے سات افراد کو حراست میں لیا ہے ۔
لندن میں مقیم انسانی حقوق کی ایک تنظیم القسط کے مطابق سعودی عرب نے ایک حاملہ خاتون سمیت کم از کم سات افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار کیے گئے افراد میں دو لوگ امریکہ و سعودیہ کی دوہری شہریت رکھتے ہیں ۔
گرفتار کیے گئے افراد زیادہ نمایاں سماجی کارکن نہیں تاہم ان کی شہرت ملک میں اصلاحات اور مسائل پر بحت کرنے والے مصنفین اور بلاگرز کے طور پر ہے ۔
تنظیم القسط نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فروری سے ان افراد کو سفری پابندی کا سامنا بھی تھا۔
بی بی سی کے مطابق حالیہ گرفتاریاں ایک ایسے وقت پر کی گئی ہیں جب جیلوں میں خواتین کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے پہلے سے موجود سماجی کارکنوں کے مستقبل سے متعلق تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔
محمد بن سلمان کے تخت سنبھالنے کے بعد سنہ 2018 کے اوائل میں شروع کیے گئے کریک ڈاؤن کے بعد گزشتہ ماہ خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے 10 کارکنوں پر مقدمہ چلایا گیا۔
ان میں سے تین کو پچھلے ہفتے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔ اس مقدمے کو بین الاقوامی تنقید کا سامنا ہے اور اقوامِ متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل میں 36 ممالک ان افراد کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔