پاکستان24 عالمی خبریں

ایرانی فوج دہشت گرد قرار

اپریل 9, 2019 2 min

ایرانی فوج دہشت گرد قرار

Reading Time: 2 minutes

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی فوج کے خصوصی دستے پاسداران انقلاب کو غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔

امریکی صدر کی جانب سے اس اعلان کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ امریکہ نے کسی ملک کی فوج کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہو ۔

وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کے دستے ’پاسداران انقلاب‘ عالمی سطح پر اس کی دہشت گردی کی مہم پھیلانے کا ایک ذریعہ ہیں۔

صدر ٹرمپ کی طرف سے امریکہ کو ایران کے ساتھ ہونے والے عالمی جوہری معاہدے سے الگ کیے جانے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھی تھی۔

خیال رہے کہ ماضی میں پاسداران انقلاب اور ان سے وابستہ تنظیموں پر دہشت گردی پھیلانے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی بنیاد پر مختلف مواقع پر پابندیاں لگ چکی ہیں۔

امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ’محکمہ خارجہ نے یہ فیصلہ اس وجہ سے کیا ہے کہ ایران نہ صرف دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے بلکہ پاسداران انقلاب ریاستی حکمت عملی کے طور پر دہشت گردی کو فروغ دیتے ہوئے اس کے لیے فنڈنگ کرتے ہیں۔‘

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے فیصلے کا مقصد ایران پر دباؤ بڑھانا ہے۔ انھوں نے کہا جو بھی پاسداران انقلاب سے رابطہ رکھے گا وہ دراصل دہشت گردی کو فروغ دے گا۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ پاسداران انقلاب کے خلاف فیصلے پر ایک ہفتے میں عمل درآمد ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ایران پر بہتر رویے اپنانے کے لیے دباؤ بڑھاتا رہے گا۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ امریکی اتحادی بھی ایسا ہی کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ ایران کی قیادت انقلابی نہیں ہے اور ’ہمیں ایرانی عوام کو ان سے آزاد کروانے کے لیے ان کی مدد کرنی چاہیے۔؛

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے