شاہد خاقان کی گرفتاری کی تیاریاں مکمل؟
پاکستان میں احتساب کے قومی ادارے نیب کے اعلی حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرائط پر ذرائع ابلاغ کے چند نمائندوں کو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے مقدمے کے بارے میں بریفنگ دی ہے ۔
قومی احتساب بیورو کے ان حکام نے رپورٹرز کو یقین دلایا ہے کہ ان کے پاس ایسے ثبوت آ گئے ہیں کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان کو سزا ہو جائے گی ۔
نیب کے ان افسران نے بعد ازاں ٹی وی چینلز کے رپورٹرز کو اس کیس کی تفصیلات فراہم کرنے کے نام پر ٹکرز بھی دیے اور درخواست کی کہ اس خبر کو ذرائع کا حوالہ دے کر نشر کیا جائے ۔
رپورٹرز کو فراہم کی گئی تفصیلات میں نیب افسران نے دعوی کیا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی کیس آخری مراحل میں داخل ہونے ہو گیا ہے اور ان کو 25 اپریل تک جواب دینے کی آخری مہلت دیتے ہوئے طلب کر لیا گیا ہے ۔
نیب افسران نے کہا ہے کہ ’شاہد خاقان نے 75 میں سے 20 سوالات کے جواب دیئے اور وہ بھی سوال گندم جواب چنا کے مصداق تھے۔؛
شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی کیس میں نیب نے رپورٹرز کو تیار کردہ ٹکرز جاری کیے جن میں کہا گیا ہے کہ ’شاہد خاقان عباسی کو تین بار جواب جمع کرانے کی مہلت دی گئی ۔؛
بتایا گیا ہے کہ پہلا نوٹس 30 جنوری کو جاری کیا گیا جبکہ سابق وزیراعظم 19 فروری کو پیش ہوئے اب انہیں 25 اپریل کو جواب جمع کرانے کے لیے آخری مہلت دی جاتی ہے ۔
میڈیا کو جاری کیے گئے ٹکرز میں یہ بھی کہا گیا ’سابق وزیراعظم نے اب تک اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات بھی مہیا نہیں کی جبکہ طلبی سے قبل مکمل جواب دینے کا دعوی کرتے رہے۔؛
نیب کے جاری کردہ ٹی وی ٹکرز کے مطابق ’شاہد خاقان عباسی کی درخواست پر نیب نے وزارت پٹرولیم سے بھی رابطہ کیا اور ریکارڈ کے حصول میں انہیں مدد دی، تفتیشی افسران نے ایل این جی کیس میں پیش رفت سے ڈی جی نیب عرفان منگی کو آگاہ کر دیا ہے۔؛

